اسلام آباد (الفجرآن لائن) کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں 41 ویں اسپیشل سلیکشن بورڈ کا اجلاس کاميابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اجلاس کے دوران یونیورسٹی کے تمام کیمپسز سے جونیئر فیکلٹی ممبران اور نان فیکلٹی ملازمین کی نئی تعیناتیوں، ترقیوں اور مستقلی سے متعلق مجموعی طور پر 269 کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سلیکشن بورڈ نے شفاف کارروائی کے بعد مختلف اشتہار شدہ آسامیوں پر 106 امیدواروں کی نئی تعیناتیوں کی سفارش کی، جبکہ 75 نان فیکلٹی ملازمین کی اگلی گریڈز میں ترقیاں منظور کیں۔
اس کے ساتھ ہی ٹینیور ٹریک سسٹم کے تحت خدمات انجام دینے والے 19 فیکلٹی ممبران کی ملازمت کی تصدیق (کنفرمیشن) کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی و کنوینر سلیکشن بورڈ پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر (تمغہ امتیاز) نے کہا کہ مختصر عرصے کے دوران دو سلیکشن بورڈز کا پیہم انعقاد یونیورسٹی انتظامیہ کے اس عزم کا ثبوت ہے کہ تمام ملازمین کو میرٹ کی بنیاد پر وقت پر کیریئر میں پیش رفت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی اپنے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی تاکہ ادارے میں تعلیمی و انتظامی معیار کو مزید بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔

