پورٹ او پرنس (الفجرآن لائن)ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ او پرنس کے قریب مسلح گینگ کے ایک خوفناک حملے میں تقریباً 40 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔حملہ آوروں نے تشدد سے متاثرہ افراد کے لیے قائم ایک کیمپ کو بھی نشانہ بنایا جہاں بڑی تعداد میں بے گھر افراد نے چرچ میں پناہ لے رکھی تھی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ حملہ اتوار کی رات دارالحکومت کے قریب پہاڑی علاقے کینسکوف میں ہوا۔ علاقے کے میئر ماسیلون ژاں نے بتایا کہ حملے کے بعد تقریباً 40 لاشیں مل چکی ہیں جبکہ تلاش کا عمل جاری ہے اور بعض افراد اب بھی لاپتا ہیں۔
میئر نے اس واقعے کو ’خوف کی رات‘ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ مسلح افراد نے ایسے لوگوں کو بھی نشانہ بنایا جو پہلے ہی ملک میں جاری گینگ تشدد سے فرار ہوکر محفوظ مقام کی تلاش میں تھے۔
حکام کے مطابق حملہ آوروں نے چرچ میں قائم بے گھر افراد کے کیمپ پر دھاوا بول دیا۔ حملے میں کئی افراد کو قتل کیا گیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
بعض لوگوں کو مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سکیورٹی صورتحال مزید خراب ہوگئی۔
ہیٹی حکومت نے علاقے میں سکیورٹی بحال کرنے کے لیے مزید نفری بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ہیٹی کے وزیراعظم الیکس دیدیے فیلس ایمے کے دفتر نے حملے پر گہرے دکھ اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے

