کوئٹہ (الفجرآن لائن) حکومت بلوچستان کی جانب سے صوبے بھر میں صحت کے شعبے میں شروع کی جانے والی اصلاحات کے نمایاں نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ صوبائی تاریخ میں پہلی بار دور افتادہ اور پسماندہ علاقے بیکڑ کے ‘میر غلام قادر بگٹی میموریل ہسپتال’ میں ریکارڈ 100 بڑی اور پیچیدہ سرجریز کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس ہسپتال میں اب 24 گھنٹے آپریشن تھیٹر فعال کر دیا گیا ہے، جہاں مریضوں کو ہنگامی اور خصوصی جراحی (سرجری) کی جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔مقامی سطح پر ان جراحی سہولیات کی فراہمی سے دور دراز علاقوں کے غریب مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت میسر آئی ہے۔
اس سے قبل پسماندہ علاقوں کے مکینوں کو معمولی اور پیچیدہ آپریشنز کے لیے بھی طویل فاصلہ طے کر کے کوئٹہ یا دیگر بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا، جس سے نہ صرف ان کا قیمتی وقت ضائع ہوتا تھا بلکہ غریب عوام پر شدید مالی بوجھ بھی پڑتا تھا، تاہم اب انہیں یہ تمام سروسز ان کی دہلیز پر مل رہی ہیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہسپتال کی اس اہم کامیابی پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے میر غلام قادر بگٹی میموریل ہسپتال کی انتظامیہ، ڈاکٹرز، نرسنگ اور آپریشن تھیٹر کی پوری ٹیم کی مسلسل کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں اس سنگ میل پر مبارکباد دی۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بیکڑ جیسے دور دراز علاقے میں 100 بڑی سرجریز کی تکمیل اس بات کا واضح مظہر ہے کہ موجودہ حکومت پسماندہ علاقوں میں طبی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔میر سرفراز بگٹی نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے عوام کو ان کے گھر کے قریب ہی معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کا دائرہ کار صوبے کے دیگر پسماندہ اضلاع تک بھی وسعت دیا جا رہا ہے تاکہ ہر شہری کو علاج معالجے کے یکساں اور بہترین مواقع میسر آسکیں


