اسلام آباد (الفجرآن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر میں جاری وزیراعظم فیول ریلیف سکیم سے متعلق موصول ہونے والی آراء کی روشنی میں سکیم کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
نئے فیصلے کے تحت پانچ لیٹر سے کم پٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشہ صارفین بھی ایک ٹوکن کے ذریعے ایک ہفتے میں 500 روپے تک کی رعایت حاصل کر سکیں گے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق ایسے صارفین کو ہفتہ وار ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا، جبکہ ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر چار ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق 800 سی سی تک کی گاڑیاں استعمال کرنے والے صارفین کے لیے پہلے سے جاری طریقہ کار برقرار رہے گا اور وہ ہر دس روز میں 10 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت حاصل کر سکیں گے۔
اس طرح ایک ماہ میں 10 لیٹر پٹرول کے تین ٹوکن جاری کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل فیول ریلیف سکیم سے مستفید ہونے کے اہل افراد کے لیے رجسٹریشن کا پیغام مفت کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ 20 سال پرانی موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو بھی سکیم میں شامل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق یکم جنوری 2006ء کے بعد رجسٹرڈ ہونے والی تمام موٹر سائیکلیں، رکشے اور چنگ چی رکشے وزیراعظم فیول ریلیف سکیم میں رجسٹریشن کے لیے اہل قرار دیے گئے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف فیول ریلیف سکیم کی پیش رفت کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ سکیم سے مستفید ہونے والوں کا دائرہ کار وسیع کرنے کے ساتھ پٹرول پر رعایت کی باعزت، آسان اور بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جائے۔
حکومت کے مطابق وزیراعظم خصوصی ریلیف سکیم کے تحت ملک بھر میں 100 روپے فی لیٹر رعایتی نرخ پر پٹرول کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔

