اسلحے کی نمائش اور عوامی اجتماعات پر پابندی،چہرہ ڈھانپنے اور نقاب پر پابندی عائد
کوئٹہ(الفجرآن لائن) بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے معاون بابر یوسفزئی کے مطابق، یہ فیصلہ موجودہ سیکیورٹی حالات اور عوامی سکون کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے، جس کا نفاذ 23 ستمبر 2026 سے اگلے 30 روز کے لیے پورے صوبے میں رہے گا۔
جاری کردہ احکامات کے تحت صوبہ بھر میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ اس کے علاوہ کسی بھی عوامی مقام پر جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور مظاہروں پر سخت پابندی ہوگی۔ نئے احکامات کے مطابق پانچ یا اس سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے کی بھی اجازت نہیں ہوگی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
حکومتِ بلوچستان نے سیکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کرتے ہوئے عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنے، نقاب یا کسی بھی ایسے ذریعے کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے جس سے کسی شخص کی شناخت میں رکاوٹ پیدا ہو۔ معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے واضح کیا کہ شناخت کا چھپانا امن و امان کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، اس لیے شہریوں کی شناخت کو یقینی بنانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صوبے میں دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ امن و امان قائم رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں


