کنشاسا (الفجر آن لائن)وسطی افریقا کے ملک کانگو میں فوجی کارگو طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں سوار تمام 14 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کانگو کے نائب گورنر ریمی ساکی بوکیندا نے بتایا کہ طیارہ جنوب مغربی شہر کیک وٹ سے دارالحکومت کنشاسا جا رہا تھا کہ فنی خرابی کے باعث اس نے صوبہ کوانگو کے شہر کینج میں اترنے کی کوشش کی۔
کینج میں لینڈنگ کے لیے رن وے موجود نہ ہونے کے باعث طیارہ رہائشی علاقے میں جا گرا
بوکیندا کے مطابق طیارے میں فوجی عدالت کے سربراہ، فوج کے آڈیٹر جنرل جنرل لکیولیا باکومی، ایک میجر، ایک کیپٹن، دیگر فوجی اہلکار اور شہری سوار تھے۔
طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے، جن میں سے 12 افراد کی لاشیں جل کر ناقابل شناخت ہو گئیں، جبکہ پائلٹ کی لاش طیارے کے باہر سے ملی۔
کانگو کی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل افومی ایکینگے نے بھی حادثے میں 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔کانگو کی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک کی فضائی حادثات کی تحقیقات کرنے والی اتھارٹی نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
یہ طیارہ کانگو کے شمالی علاقے میں فوجی سازو سامان پہنچانے کا کام کر رہا تھا جہاں آرمی مسلح تنظیموں سے لڑائی میں مصروف ہے۔

