ڈاکٹر راجح تامی البغامی پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، سابق سفیر نواف المالکی کی جگہ تعینات
اسلام آباد(الفجر آن لائن) سعودی عرب کے پاکستان میں نئے مقرر ہونے والے سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی ہفتے کے روز اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں وہ جلد اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔سعودی سفارتخانے کے مطابق اسلام آباد آمد پر وزارت خارجہ کے پروٹوکول ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر خوشان سعید اور سعودی سفارتی مشن کے حکام نے نئے سفیر کا استقبال کیا۔
ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی ریٹائرڈ میجر جنرل ہیں اور انہوں نے سعودی وزارت خارجہ میں سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔ وہ برونیل یونیورسٹی لندن سے انسانی وسائل کے انتظام کے شعبے میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری رکھتے ہیں۔ڈاکٹر راجح تامی البغامی کو سابق سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی جگہ پاکستان میں تعینات کیا گیا ہے۔ نواف المالکی نے اگست 2026 میں پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں مکمل کیں۔
وہ 2017 سے سعودی عرب کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے، جبکہ اس سے قبل 2014 سے اسلام آباد میں سعودی عرب کے ملٹری اتاشی بھی رہے۔نواف المالکی کے دور سفارت میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سکیورٹی شعبوں میں اعلیٰ سطحی روابط اور باہمی تعاون میں اضافہ ہوا۔نئے سعودی سفیر کی اسلام آباد آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات مختلف شعبوں میں مزید وسعت اختیار کر رہے ہیں

