اسلام آباد(الفجرآن لائن)پاکستان تحریک انصاف کا 4 اکتوبر کا لانگ مارچ بھی مخمصے کا شکار ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے لانگ مارچ ملتوی یا مؤخر کرنے کی نئی حکمت عملی تشکیل دے دی ہے۔ پارٹی کے اندر چار اکتوبر کی تاریخ سے بھی اگلی تاریخ دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ چار اکتوبر کے بعد لانگ مارچ کی بجائے ہر صوبے اور ضلع میں احتجاج کی تجویز پیش کر دی گئی ہے۔ اپنے اپنے علاقوں میں احتجاج کی یہ تجویز پنجاب کی لیڈرشپ کی جانب سے دی گئی تھی۔ پنجاب کی لیڈرشپ نے اپنی تجاویز سلمان اکرم راجہ کو بھجوا دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سلمان اکرم راجہ آج لاہور میں آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے اجلاس منعقد کریں گے۔
خیبر پختونخوا کی قیادت نے بھی احتجاج کے لیے گاڑیاں فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ قیادت کے علاوہ ٹرانسپورٹرز نے بھی اسلام آباد احتجاج کے لیے بکنگ سے انکار کر دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت اور ٹرانسپورٹرز کی جانب سے انکار کے بعد موٹر سائیکل مارچ کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ قیادت کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکلوں کو روکنا بھی مشکل ہو گا اور نقصان بھرنا بھی آسان ہو گا۔
ذرائع کے مطابق قیادت کی ایک تجویز یہ بھی ہے کہ اگر احتجاج کے بغیر ہی حکومت سب کچھ بند کر دیتی ہے تو پھر احتجاج کی ضرورت ہی نہیں رہتی۔

