اسلام آباد(الفجرآن لائن) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ دہشتگردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع سہراب کے علاقے مال مدرسہ کے قریب سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے مال مدرسہ اور بتیگو کے درمیان دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔
ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک کیے گئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے میر علی اور گردونواح میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو کارروائی کے دوران تباہ کردیا۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی جانب سے میر علی بازار کے قریب راشن سے لدے ٹرک کو روکنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 اور خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام ویڑن کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

