اسلام آباد (الفجر آن لائن)قومی اسمبلی کے سابق سارجنٹ ایٹ آرمز پر بدعنوانی کے الزامات، بلوچستان حکومت نے واپس بھیج دیا۔سپیکر نے مکمل انکوائری کا حکم دے دیا۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے سابق سارجنٹ ایٹ آرمز اشفاق احمد پر مبینہ بدعنوانیوں کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں، جس کے بعد سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تمام الزامات کی مکمل انکوائری کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اشفاق احمد کو ڈیپوٹیشن پر بلوچستان حکومت کے رورل ڈیویلپمنٹ محکمے میں بھجوایا گیا تھا۔ وہاں ان پر مبینہ بدعنوانیوں کا الزام عائد ہوا،
جس کے نتیجے میں بلوچستان حکومت نے ان کی خدمات قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو واپس کر دیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خدمات واپس بھجوائے جانے کے باوجود اشفاق احمد نے اسمبلی میں جوائننگ نہیں دی۔
اس سلسلے میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو اشفاق احمد کی مبینہ بدعنوانیوں سے متعلق خط موصول ہوا ہے، جس پر سپیکر نے تمام الزامات کی مکمل انکوائری کروانے کا حکم دیا ہے۔

