تبوک(الفجر آن لائن) دبئی سے اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں معاون پائلٹس کے درمیان مبینہ جھگڑے کے بعد طیارے نے سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، تمام مسافروں کو محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پرواز ایف زیڈ 1073 بدھ کی صبح دبئی سے روانہ ہوئی تھی کہ سعودی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد اس نے اچانک اپنا رخ تبدیل کیا اور بلندی کم کردی۔
پرواز نے تقریباً سات منٹ تک ہنگامی سگنل بھی جاری کیا۔فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق طیارے کی جانب سے بعد ازاں ہنگامی کوڈ 7500 بھی جاری کیا گیا،
جو طیارے میں غیر قانونی مداخلت کی نشاندہی کرتا ہے۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق ایک مسافر نے دعویٰ کیا کہ ایک پائلٹ نے دوسرے پائلٹ کو مبینہ طور پر چاقو مارا، جس کے بعد طیارے کے اگلے حصے میں موجود مسافروں نے مبینہ حملہ آور کو کاک پٹ سے باہر نکالنے میں مدد کی۔
مسافر کے مطابق طیارے کے پچھلے حصے میں دو دیگر پائلٹس بھی موجود تھے، جنہیں طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے بلایا گیا۔
خبررساں ادارے کے مطابق ایک مسافر کی والدہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی نے پرواز کے دوران چیخ و پکار کی آوازیں سنیں۔
مسافر کے مطابق چاقو تھامے ایک شخص نے پائلٹس میں سے ایک کو فرش پر گرا دیا تھا اور وہاں خون پھیلا ہوا تھا۔
فلائی دبئی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ بحفاظت سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر اتر گیا ہے اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔

