ہولی فیملی ہسپتال میں زیر علاج مزید ایک بچے کی حالت تشویشناک، حادثے میں 12 بچے جھلس کر زخمی ہوئے تھے
راولپنڈی (الفجرآن لائن) مری کے علاقے بڑاہوتر میں سکول وین کو پیش آنے والے حادثے میں زخمی ہونے والی 14 سالہ عائشہ 24 گھنٹے موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں دم توڑ گئی۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق عائشہ کو منگل کے روز دیگر پانچ زخمی بچوں کے ہمراہ تشویشناک حالت میں ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ بدھ کے روز جانبر نہ ہو سکی۔
حادثے کے بعد زیر علاج مزید ایک بچے کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ 29 ستمبر کو مری کے علاقے بڑاہوتر میں سکول وین بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے گہری کھائی میں جا گری تھی، جس کے بعد وین میں آگ بھڑک اٹھی
حادثے کے نتیجے میں وین میں سوار 12 بچے جھلس کر زخمی ہوئے تھے، جن میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا۔

