کوئٹہ، (الفجرآن لائن) – وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بدھ کے روز پشین کے علاقے کلی ہیکلزئی سے تعلق رکھنے والے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) میں صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طالب علم ولی اللہ ترین نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے طالب علم کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہا اور انہیں پورے صوبے کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ولی اللہ ترین (ولد عین الدین) کو امتحان میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے شاباش دی اور ان کی اس شاندار کامیابی کو بلوچستان کے لیے قابلِ فخر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اور وہ اپنی صلاحیت، انتھک محنت اور پکے عزم کے ذریعے مختلف شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں۔ ایسے باصلاحیت طلبہ نہ صرف اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں بلکہ پورے صوبے کا نام روشن کرتے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے ولی اللہ ترین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی اسی محنت اور لگن کو برقرار رکھتے ہوئے کامیابیوں کا یہ سفر جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان ہونہار اور مستحق طلبہ کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی جاری رکھے گی تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی تعلیم مکمل کر سکیں۔ اس اہم ملاقات کے موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سید ظفر آغا بھی موجود تھے

