اسلام آباد(الفجرآن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صومالیہ کے ساحل پر ہائی جیک کیے گئے بحری جہاز کی بازیابی کے دوران جاں بحق ہونے والے تین پاکستانی شہریوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن حکومتی تعاون اور معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم نے جاں بحق پاکستانی شہری سید کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور ان کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اس مشکل اور غم کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
محمد شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطا کرے۔
وزیراعظم نے اذہان کاشف کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان کے والد اور دیگر دو جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں جلد از جلد پاکستان منتقل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جاں بحق پاکستانیوں کے خاندانوں سے ہر مرحلے پر براہِ راست رابطہ رکھا جائے اور میتوں کی وطن واپسی کے عمل میں کوئی تاخیر نہ ہونے دی جائے۔
واضح رہے کہ کاشف عمر ان تین پاکستانی شہریوں میں شامل تھے جو صومالیہ میں ہائی جیک کیے گئے بحری جہاز کی بازیابی کے دوران جاں بحق ہوئے۔
واقعے میں سید کاشف عمر، محمود احمد انصاری اور رفیع اللہ خان جان کی بازی ہار گئے۔

