کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان کے ضلع خاران کے اغوا ہونے والے ڈپٹی کمشنر منیر سومرو بحفاظت بازیاب ہو گئے ہیں۔ معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے ڈی سی خاران کی بحفاظت بازیابی کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔
معاون داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے ڈپٹی کمشنر منیر سومرو کی بحفاظت بازیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششیں رنگ لائی ہیں اور افسر کی بحفاظت واپسی ایک مثبت پیش رفت ہے۔
بابر یوسفزئی نے حکومتی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ صوبے میں سرکاری افسران اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کا سلسلہ بلاتعطل جاری رہے گا اور امن دشمن عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

