حکومت اور اپوزیشن مذاکرات کی ناکامی، وزیراعظم اور صدر کی آئندہ حکمت عملی پر مشاورت رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو مذاکرات میں معاہدہ نہ ہونے کی وجوہات سے آگاہ کیا
، محسن نقوی کی صدر آصف زرداری سے ملاقات، آئینی آپشنز پر بھی غور
اسلام آباد (الفجرآن لائن) وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے رابطہ کرکے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں معاہدہ نہ ہونے کی وجوہات سے آگاہ کیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی، جس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی ناکامی اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر اور وزیراعظم نے جمہوری انداز میں مسائل کے حل کے لیے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی کوششوں کو سراہا۔وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کے میزبان اور سہولت کار اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے مذاکرات کی کامیابی کے لیے بہترین انداز میں اپنی بھرپور کوششیں کیں۔حکومتی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے لانگ مارچ کی صورت میں وفاقی حکومت کے ممکنہ اقدامات اور آئینی آپشنز کے استعمال پر بھی مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت موجودہ سیاسی صورتحال میں آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہی ہے۔

