پیانگ یانگ (الفجرآن لائن) شمالی کوریا نے ہفتے کے روز اپنے مشرقی ساحل کے قریب سمندر کی جانب ایک بیلسٹک میزائل داغ دیا، جس کی تصدیق جنوبی کوریا اور جاپان نے کی ہے۔
یہ رواں سال شمالی کوریا کا 10 سے زائد مرتبہ میزائل تجربات کرنے کے سلسلے کی تازہ کڑی ہے۔جنوبی کوریا کی فوج کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے ہفتے کی صبح تقریباً ساڑھے 6 بجے وونسان کے علاقے سے داغے گئے میزائل نے 700 کلومیٹر سے زائد کا فاصلہ طے کیا۔
جنوبی کوریا اور امریکا میزائل تجربے سے متعلق مزید تفصیلات کا تجزیہ کر رہے ہیں، جبکہ جاپانی حکام نے بحری جہازوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جاپان کے کوسٹ گارڈ نے وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا کہ داغا گیا میزائل ممکنہ طور پر بیلسٹک میزائل تھا اور بظاہر سمندر میں گر گیا۔
جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے مزید میزائل تجربات کے امکان کے پیش نظر نگرانی بڑھا دی گئی ہے جبکہ اس حوالے سے معلومات امریکا اور جاپان کے ساتھ بھی شیئر کی جائیں گی۔
میزائل تجربے کے بعد جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر کی قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا، جس میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
شمالی کوریا رواں سال اب تک 10 سے زائد مواقع پر میزائل تجربات کر چکا ہے۔

