اسلام آباد (الفجرآن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صومالیہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق چار زخمی پاکستانی شہریوں عثمان غنی، عقیل خان، امین بن شمس اور یاسر خان کو ایتھوپین ایئرلائنز کی پرواز ای ٹی 694 کے ذریعے کراچی روانہ کر دیا گیا ہے۔
اسی پرواز کے ذریعے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے تین پاکستانیوں رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری کے جسدِ خاکی بھی کراچی لائے جا رہے ہیں۔
پرواز آج شام 4 بج کر 40 منٹ پر پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق کراچی پہنچے گی۔
حکام کے مطابق ایتھوپیا میں پاکستان کے سفیر عاطف عزیز اور جبوتی میں پاکستان کی سفیر اقصیٰ نواز نے ادیس ابابا ایئرپورٹ پر زخمی پاکستانی شہریوں اور جاں بحق افراد کی میتوں کو کراچی روانہ کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے انتظامات کی خود مسلسل نگرانی کی اور متعلقہ حکام کو متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں

