کوئٹہ(الفجرآن لائن): بلوچستان حکومت نے کوئٹہ پریس کلب میں ڈاکٹر سونیا نور کی جانب سے کی جانے والی پریس کانفرنس کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے معاملے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ انصاف کے تمام قانونی تقاضوں کو ہر صورت پورا کیا جائے۔حکومتِ بلوچستان کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے اس حوالے سے سرکاری موقف جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی وزیر داخلہ نے ڈاکٹر سونیا نور کے معاملے پر قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان حکومت صوبے میں قانون کی بالادستی اور تمام شہریوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے اور کسی بھی شہری کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔بابر یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ وزیر داخلہ کی جانب سے اس معاملے کا نوٹس لینا اور قانونی کارروائی کی ہدایت دینا انصاف کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس کیس میں تمام حقائق کو شفاف تحقیقات کے ذریعے سامنے لایا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے

