کوئٹہ(الفجرآن لائن): حکومتِ بلوچستان نے سوراب، خضدار اور وڈھ کے مقامات پر N-25 قومی شاہراہ پر احتجاج اور سڑکوں کی بندش کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، قومی شاہراہ پر کسی بھی قسم کے احتجاج، دھرنوں اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنے پر اگلے تین ماہ کے لیے مکمل پابندی عائد رہے گی۔
معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں پر بلا تعطل آمدورفت کو یقینی بنانا حکومتِ بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ N-25 کی بندش کے باعث مریضوں، مسافروں، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کا حکومت مزید اب اجازت نہیں دے سکتی۔ عوامی مشکلات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے صوبائی سطح پر مؤثر اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بابر یوسفزئی نے مزید بتایا کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں قانون کی عملداری اور امن و امان کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ حکومتِ بلوچستان عوام کی سہولت، تحفظ اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی بلا تعطل بحالی کے لیے پُرعزم ہے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی

