کراچی(الفجرآن لائن) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے دبئی جانے والی ایک خاتون مسافر کے قبضے سے بڑی مقدار میں غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔
برآمد شدہ کرنسی کی مالیت تقریباً ایک کروڑ 18 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔کسٹمز حکام کے مطابق خاتون نجی ایئرلائن کی پرواز ای کے 601 کے ذریعے دبئی روانہ ہونے والی تھیں۔
کسٹمز عملے نے شک کی بنیاد پر انہیں روک کر اپنے پاس موجود غیر ملکی کرنسی سے متعلق زبانی اور تحریری تفصیلات طلب کیں، تاہم حکام کے مطابق خاتون کی جانب سے تسلی بخش معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
حکام کے مطابق خاتون کے سامان کی تفصیلی تلاشی کے دوران ہاتھ کے متعدد چھوٹے بٹوؤں سے غیر ملکی کرنسی کے نوٹ برآمد ہوئے۔
برآمد ہونے والی کرنسی کی مجموعی مالیت 42 ہزار 728 امریکی ڈالر کے برابر ہے، جس کی پاکستانی کرنسی میں مالیت تقریباً ایک کروڑ 18 لاکھ روپے بنتی ہے۔
پاکستان کسٹمز نے برآمد شدہ غیر ملکی کرنسی کو کسٹمز ایکٹ 1969 کی متعلقہ دفعات کے تحت اپنی تحویل میں لے کر ضبط کرلیا ہے۔
کسٹمز حکام کے مطابق خاتون مسافر کے خلاف غیر ملکی کرنسی ڈیکلیئر نہ کرنے اور مبینہ طور پر غلط بیانی کرنے کے معاملے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران کرنسی کے حصول، اسے بیرون ملک منتقل کرنے کی کوشش اور اس حوالے سے دیگر ممکنہ پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

