نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 وزیراعظم کے وژن کی عکاس ہے، ریاض حسین پیرزادہ
اسلام آباد(الفجرآن لائن) وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کا باضابطہ اجراء کر دیا۔ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 چوبیس سال بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کی گئی ہے۔
نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کے اجراء کی تقریب نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
تقریب کا انعقادیواین ہیبی ٹیٹ کے تعاون سے عالمی یومِ آبادکاری کے موقع پر کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ وتعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق مسعود ملک تقریب میں اعزازی مہمان تھے۔ تقریب میں ماہرینِ تعلیم، محققین، ہاؤسنگ سیکٹر سے وابستہ شخصیات اور مختلف اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر ہاؤسنگ نے نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کی تیاری میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 وزیراعظم کے وژن کی عکاس ہے،
ہاؤسنگ کے موجودہ مسائل کا حل مشترکہ ایکشن پلان سے ہی ممکن ہے۔ رہائش کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نیشنل ہاؤسنگ پالیسی کا اجراء ایک اہم پیش رفت ہے۔
میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی پر مؤثر عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں ماحول دوست اور پائیدار ہاؤسنگ منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا اورکہا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی بے گھر افراد کے لیے چھت کی فراہمی کی تمام تر منصوبہ بندی فراہم کرتی ہے،
حکومت، نجی شعبے اور تمام متعلقہ اداروں کو نیشنل ہاؤسنگ پالیسی پر مؤثر عمل درآمد کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لانے چاہئیں۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کا مؤثر نفاذ ملک میں رہائش کے مسائل سے نمٹنے اور پائیدار شہری ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

