اسلام آباد(الفجرآن لائن)تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے معاملہ پروزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف زرداری سے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر جلد دوبارہ ملاقات کا فیصلہ کیا ہے اوروزیراعظم اور صدر کے درمیان ملاقات میں خیبرپختونخوا کی مجموعی سیاسی، آئینی اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے لانگ مارچ کے معاملے پر اختیار کیے گئے مؤقف اور صوبائی معاملات پر مشاورت ہوگی،خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر وزیراعظم صدر کو تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق صوبے میں جاری سیاسی کشیدگی اور لانگ مارچ کے ممکنہ اثرات پر بھی غور کیا جائے گا، وفاقی حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات کی ناکامی کے ممکنہ اثرات پر مشاورت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق مذاکراتی عمل میں پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں آئندہ سیاسی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں ممکنہ آئینی اقدامات کے قانونی اور سیاسی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سمیت مختلف آئینی آپشنز پر وزیراعظم اور صدر میں مشاورت متوقع ہے۔
گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم، صدر اور رفقاء باہمی مشاورت سے کریں گے، لانگ مارچ، صوبائی حکومت کے کردار اور امن و امان کی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں آئینی آپشن استعمال کرنے سے متعلق تمام سیاسی اور قانونی پہلوؤں پر غور ہوگا، وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ممکنہ اقدامات پر بھی مشاورت ہوگی۔

