شمالی وزیرستان،اسلام آباد (الفجرآن لائن) سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان اور گردونواح میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 5 خوارج کو ہلاک جبکہ 2 کو زخمی کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے شمالی وزیرستان اور ملحقہ علاقوں میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
کارروائی سے قبل علاقے میں دہشت گرد عناصر کی نقل و حرکت اور سرگرمیوں پر مسلسل کڑی نگرانی کی جا رہی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات کی روشنی میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 5 خوارج ہلاک اور 2 زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں ممکنہ دہشت گرد سرگرمیوں کے سدباب اور امن و امان کے قیام کے لیے نگرانی اور کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق عزمِ استحکام ویژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ادھر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کو سراہتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو قابلِ تحسین قرار دیا۔شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ریاست پاکستان دہشت گرد عناصر کو ملک میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ عزمِ استحکام وڑن کے تحت دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
قوم کی حمایت سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
ادھر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنا فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت کارروائی اور عزم کا واضح ثبوت ہے

