کوئٹہ(الفجرآن لائن): بلوچستان میں صحت کے شعبے کی ڈیجیٹلائزیشن نے بین الاقوامی سطح پر توجہ حاصل کر لی ہے اور صوبے کا ڈیجیٹل ہیلتھ ماڈل عالمی فورم پر نمایاں ہو کر سامنے آیا ہے۔ عالمی ڈی ایچ آئی ایس ٹو (DHIS2) ایشیا پیسیفک کانفرنس میں، جہاں چھبیس ممالک کے نمائندگان موجود تھے، بلوچستان نے ڈیجیٹل ہیلتھ کے شعبے میں اپنی عملی پیش رفت اور تجربات کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔ اس موقع پر اوسلو یونیورسٹی ناروے سمیت دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کی جانب سے بلوچستان میں صحت کے نظام میں ٹیکنالوجی کے عملی استعمال اور اصلاحات کی بھرپور تعریف کی گئی، جبکہ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کو کانفرنس میں مہمانِ خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی سطح پر صوبے کی ان اصلاحات کے اعتراف پر شدید مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ بین الاقوامی فورم پر بلوچستان کے ڈیجیٹل ہیلتھ ماڈل کی پذیرائی صوبائی حکومت کے اصلاحاتی وژن کے لیے ایک انتہائی حوصلہ افزا پیش رفت ہے اور یہ ہماری مشترکہ کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے نظام کی ڈیجیٹلائزیشن جدید اور مؤثر گورننس کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کے ذریعے حکومت ٹیکنالوجی اور ڈیٹا پر مبنی نظام کو فروغ دے کر شفافیت اور جوابدہی کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔ بلوچستان حکومت مستقبل میں بھی جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل ڈیٹا اور بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے عوامی صحت کی خدمات میں بہتری کا یہ سفر جاری رکھے گی

