ڈیرہ اسماعیل خان (الفجرآن لائن)ڈیرہ اسماعیل خان میں چند ہی گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں 5 اہلکار شہید ہوگئے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فائرنگ سے 5 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے اور کہا ہے کہ دکھ کی گھڑی میں شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ڈی پی او ضیا الدین احمد نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ایف بی آر کے 4 اہلکاروں اور ٹریفک پولیس اہلکار کو دورانِ ڈیوٹی نشانہ بنایا گیا۔ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ابھایا پل کے قریب مسلح افراد نے ایف بی آر کے اہلکاروں کو دورانِ ڈیوٹی نشانہ بنایا،
فائرنگ کے نتیجے میں ایف بی آر کے 4 اہلکار شہید ہو گئے۔
ڈی پی او کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں 2 ایف بی آر کے مستقل ملازم جبکہ 2 کنٹریکٹ ملازم تھے۔
دوسرے واقعے میں بنوں روڈ پر نامعلوم افراد نے ٹریفک پولیس کی موبائل پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 1 اہلکار شہید اور 1 زخمی ہو گیا۔
دونوں واقعات کے بعد ڈی آئی خان شہر اور گرد و نواح میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
ادھرایک بیان میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کسٹم و ٹریفک اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعات کی پرزور مذمت اور 5 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیاہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیااورکہا کہ دکھ کی گھڑی میں شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شہید اہلکاروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ ایسی بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں

