ابوجا (الفجر آن لائن)نائجیریا میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں عملے کے سات ارکان سمیت طیارے میں سوار تمام 32 افراد ہلاک ہوگئے۔
حکام کے مطابق حادثہ پیر کے روز اس وقت پیش آیا جب نائجیریا کی فضائیہ کا اے ٹی آر 42 فوجی طیارہ بینن سٹی سے لاگوس جا رہا تھا اور جنوب مغربی ریاست اونڈو میں حادثے کا شکار ہوگیا۔
طیارہ معمول کی پرواز پر تھا تاہم پرواز کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرولرز کا طیارے سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت طیارے میں 25 مسافر اور عملے کے 7 ارکان سوار تھے، تاہم حادثے کے نتیجے میں کوئی بھی شخص زندہ نہ بچ سکا۔
نائجیریا کے صدر نے بھی طیارہ حادثے اور اس میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔
صدر نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔حادثے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں، جبکہ واقعہ سے متعلق مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

