اسلام آباد(الفجرآن لائن)بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل فریدنے اڈیالہ جیل حکام سے عمران خان سے فوری ملاقات کی اجازت مانگ لی۔
سپریم کورٹ کے وکیل فیصل فرید نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے سپرنٹنڈنٹ کو خط لکھ کر سابق وزیراعظم عمران خان سے فوری انٹرویو/ملاقات کی اجازت مانگ لی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے رکن اور عمران احمد خان نیازی کے وکیل ہیں۔
پی ٹی آئی کی سیاسی ٹیم اور حکومت کے مذاکراتی کمیٹی کے اراکین سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق عمران خان کی صحت شدید متاثر ہو چکی ہے۔
ان کا بلڈ پریشر انتہائی بلند ہو گیا ہے اور حکام کو غیر ملکی ڈاکٹر سے مشورہ کرنا پڑا ہے۔
فیصل فرید نے لکھا ہے کہ عمران خان کے ساتھ غیر انسانی اور وحشیانہ سلوک قانون اور آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے جبکہ ان کے آئینی اور قانونی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں۔
چونکہ ان کے خاندان اور بہنیں بھی قید میں ہیں اس لیے ان کی صحت، حفاظت اور بہبود کا حال جاننے کے لیے فوری ملاقات انتہائی ضروری ہے۔
وکیل نے فوری اور مثبت جواب کی توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ قانون اور آئین کی حدود میں رہتے ہوئے یہ درخواست کر رہے ہیں۔

