راولپنڈی (الفجرآن لائن) پاکستان نے دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیع شدہ ورژن کا کامیاب تجرباتی لانچ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جدید ہتھیاروں کے نظام کے تجربے کے دوران اس کی تکنیکی صلاحیتوں اور مختلف ذیلی نظاموں کے اہم پیرامیٹرز کی بھی کامیابی سے توثیق کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح-4 کا توسیع شدہ ورژن جدید ایویانکس اور جدید ترین نیوی گیشنل معاون نظام سے لیس ہے، جس کے باعث یہ ہتھیار نظام طویل فاصلے پر موجود اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ تجرباتی لانچ کے دوران بہتر درستگی اور نظام کی بقا کی صلاحیت میں اضافے کے لیے شامل کیے گئے مختلف ذیلی نظاموں کے اضافی تکنیکی پیرامیٹرز کو بھی جانچا اور کامیابی سے توثیق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تجرباتی لانچ کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران کے علاوہ اس نظام کو تیار کرنے والے ادارے کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
کامیاب تجربے کے دوران ہتھیاروں کے نظام کی مختلف تکنیکی خصوصیات کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے فتح-4 کے توسیع شدہ ورڑن کے کامیاب تجرباتی لانچ کو سراہا ہے۔
ملکی قیادت نے اس اہم سنگِ میل کے حصول میں کردار ادا کرنے والے تمام سائنسدانوں، انجینئرز، ماہرین اور متعلقہ افراد کی تکنیکی مہارت، لگن اور عزم کو بھی سراہا۔
پاکستان کی جانب سے مقامی سطح پر جدید دفاعی نظاموں کی تیاری اور ان کے تجربات کا سلسلہ دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملکی استعداد کار کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔

