کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بینظیر بھٹو ایمرجنسی رسپانس ٹراما سینٹر کوئٹہ کا دورہ کیا ہے۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے قلعہ عبداللہ کے علاقے پیر علی زئی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وزیر اعلیٰ نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری کا مظاہرہ کرنے پر مقامی لوگوں کی جرات اور عزم کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر ٹراما سینٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر ملک کامران خان کاسی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو زخمیوں کو دی جانے والی طبی امداد اور ٹراما سینٹر میں دستیاب سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران اسپیشل سیکرٹری محکمہ صحت شہک بلوچ بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ٹراما سینٹر کی جانب سے فراہم کی جانے والی ہنگامی طبی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کی دیکھ بھال میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور تمام مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں

