برشور.ڈپٹی کمشنر برشور فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) خالد شمس نے پانچ سال تک کی عمر کے بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر ضلع میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے ضلعی ناظم،پولیو نمائندگان و ورکرز اور انتظامی آفسران بھی موجود تھے،افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جس کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،انہوں نے واضع کیا کہ ضلعی انتظامیہ پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو لازمی قطرے پلوائیں،تاکہ آنے والی نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے،انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی،جبکہ تعلیمی اداروں،بس اڈوں اور دیگر عوامی مقامات پر بھی خصوصی ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ سکے،جبکہ اس دوران پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
