وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز احمدبگٹی نے کہا ہے کہ صوبہ ڈیجیٹل گورننس، شفافیت اور جدت کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، حکومت صوبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کےلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔یہ بات انہوں نے عالمی یومِ ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن سوسائٹی کی مناسبت سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبے کی پہلی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی 2026 متعارف کرا دی ہے جس کا مقصد جدید ابلاغی نظام کو فروغ دینا اور معلومات تک عوام کی رسائی مزید بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی بھرتی نظام کے ذریعے میرٹ، شفافیت اور گڈ گورننس کو فروغ ملا ۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں آئی ٹی پارکس، یوتھ آئی ٹی پروگرامز اور ای گورننس اصلاحات پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے، روٹ 164 بسوں کی ڈیجیٹلائزیشن اور کلائمیٹ ٹیک منصوبے صوبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کےلئے سکالرشپس اور ڈیجیٹل سکلز پروگرامز صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں تاکہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کر کے بااختیار بنایا جا سکے۔وزیر اعلی ٰ کا کہنا تھا کہ صحت، انفراسٹرکچر اور عوامی فلاح کے جدید منصوبوں کے ذریعے بلوچستان کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو ترقی کے مساوی مواقع اور جدید سہولیات کی فراہمی کےلئے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی
