کاروں، ہلکی گاڑیوں کے لیے حدرفتار دوبارہ 120 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر،مسافر اور بھاری گاڑیوں کے لیے حد رفتار 110 کلومیٹر فی گھنٹہ بحال کر دی گئی
اسلام آباد(الفجر آن لائن)موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کے لیے حکومت کا حد رفتار سے متعلق بڑا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر سابقہ حدِ رفتار بحال کر دی ہے۔ موٹرویز پر کاروں اور ہلکی گاڑیوں کے لیے حد ِرفتار دوبارہ 120 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔موٹرویز پر مسافر اور بھاری گاڑیوں کے لیے حد ِرفتار دوبارہ 110 کلومیٹر فی گھنٹہ بحال کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ قومی شاہراہوں پر بھی کاروں، ہلکی گاڑیوں، مسافر اور بھاری گاڑیوں کے لیے سابق حد رفتار بحال کر دی گئی ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ سہولت کے ساتھ حفاظت بدستور اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ حد رفتار اور ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنائیں۔ سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں اور محفوظ سفر کے لیے رفتار پر قابو رکھیں۔
