نئی دہلی (الفجر آن لائن)بھارت میں سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والی نوجوانوں کی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی کے سینکڑوں حامیوں اور طلبہ نے نئی دہلی میں پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب احتجاج کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم دھرمندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
مظاہرین نے امتحانی پرچوں کے بار بار لیک ہونے اور مبینہ انتظامی بے ضابطگیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران شرکا نے روایتی نعروں کے بجائے اسٹیل کی تھالیاں اور چمچ بجا کر علامتی انداز میں اپنا غصہ ظاہر کیا، جس سے علاقے میں ایک غیر معمولی منظر دیکھنے میں آیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں امتحانی نظام بار بار متاثر ہوا ہے، جس سے لاکھوں طلبہ کا مستقبل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو رہا ہے۔ احتجاج کے پیش نظر پارلیمنٹ کے اطراف سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے، جبکہ پولیس نے نگرانی کے لیے کیمرے اور ڈرونز بھی استعمال کیے۔تنظیم کے بانی ابھجیت دیپکے نے سوشل میڈیا کے ذریعے حامیوں کو احتجاج میں شرکت کی ہدایت دیتے ہوئے حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ اگر وزیرِ تعلیم مستعفی نہیں ہوتے تو تحریک مزید وسیع کی جائے گی۔
احتجاج کی ایک بڑی وجہ گزشتہ ماہ ہونے والے قومی سطح کے میڈیکل داخلہ امتحان کا مبینہ پرچہ لیک ہونا بتایا جا رہا ہے، جس کے بعد امتحان ملتوی کر دیا گیا تھا۔ حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کر رکھی ہیں اور دوبارہ امتحان کے انعقاد کا اعلان بھی کیا ہے۔دوسری جانب طلبہ کا کہنا ہے کہ مسلسل امتحانی بے ضابطگیوں نے ان کے اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور وہ شفاف نظام چاہتے ہیں
