پاکستان کی قیادت نے خطے میں امن مذاکرات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا،جے ڈی وینس
فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک بہترین سپہ سالار اور سفارتکار ثابت ہوئے، امریکی نائب صدر
”اگر ان کی حکمت عملی نہ ہوتی تو شاید ہم یہاں نہ ہوتے“، امریکی نائب صدر کی پاکستانی آرمی چیف کی تعریف
برگن سٹاک (الفجرآن لائن) سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکہ کے درمیان تکنیکی مذاکرات کے موقع پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے کردار کو کھلے الفاظ میں سراہا ہے۔امریکی نائب صدر کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ان کے اور امریکی صدر کے“قریبی دوست”ہیں، جبکہ انہوں نے پاکستان کے وزیراعظم کی امن مذاکرات میں کوششوں کو بھی اہم قرار دیا۔ جے ڈی وینس نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی بہترین صلاحیتوں کے ذریعے مذاکراتی عمل کو اس مرحلے تک پہنچانے میں کردار ادا کیا ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی اور عسکری قیادت کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے ان کے کردار کو خطے کی اہم پیش رفتوں میں کلیدی قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی نائب صدر نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ان کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے جتنی بار گفتگو ہوئی، اتنی شاید ہی کسی اور رہنما سے ہوئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیلڈ مارشل کی حکمت عملی اور رہنمائی نہ ہوتی تو موجودہ حالات تک پہنچنا ممکن نہ ہوتا۔جے ڈی وینس نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک“عظیم ملٹری لیڈر”قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف عسکری میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے بلکہ ایک مؤثر سفارتکار کے طور پر بھی خود کو منوایا ہے۔امریکی نائب صدر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں کشیدگی کے انتظام، سفارتی رابطوں اور پیچیدہ صورتحال میں توازن پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جسے بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ان کے اس بیان کو پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں اور علاقائی امور پر مشاورت کے تناظر میں اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے
