لاہور(الفجرآن لائن) مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے 337 بھارتی سکھ یاتریوں پر مشتمل دوسرا جتھا واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گیا، جہاں متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی (پی ایس جی پی سی) کے حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق، پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ، ڈپٹی سیکرٹری شرائنز فراز عباس اور دیگر حکام نے یاتریوں کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے یاتریوں کے قیام و طعام کے بہترین انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند امر ہے کہ سکھ نوجوان نسل بھی بڑی تعداد میں یاترا میں شریک ہو رہی ہے۔
چیئرمین قمرالزمان نے کہا کہ پاکستان مذہبی سیاحت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور سکھ یاتریوں کو محفوظ، پُرامن اور دوستانہ ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کے تحفظ، بحالی اور بہتری کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق کے مطابق یاتریوں کے لیے خصوصی سکیورٹی، ٹرانسپورٹ، رہائش، لنگر، طبی امداد، منرل واٹر اور دیگر ضروری سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے۔
جبکہ ریسکیو 1122 کی گاڑیاں اور ایمبولینسز بھی قافلے کے ہمراہ موجود ہیں۔بھارتی دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی اور شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے نمائندوں نے استقبال اور انتظامات کو سراہتے ہوئے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں قابلِ ستائش کردار ادا کر رہا ہے۔مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی مرکزی تقریبات 29 جون کو گردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوں گی
