ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کی طرف سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہیں
راولپنڈی، لاہور، کوئٹہ(نمائندہ خصوصی: محمد ثاقب خان) شہدائے کربلا کا1387واں یوم شہادت اور عاشورہ محرم آج جمعۃ المبارک کو نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی رواداری کے ساتھ منایا جا رہاہے۔ ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کی طرف سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہیں اور فوج کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے اور ہنگامی صورتحال میں کہیں بھی طلب کیا جاسکے گا۔ یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر میں مجالس عزاء منعقد ہوں گی جبکہ علم،تعزیے اور ذوالجناح کے ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں شام کو مجالس شام غریباں برپا ہوں گی۔
میدان کربلا میں دین اسلام کی سربلندی کیلئے نواسہ رسول ؐ،جگر گوشہ بتول ؑ، حضرت امام حسین ؑ اور ان جانثار ساتھیوں نے جو جان کا نذرانہ پیش کیا تھا انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج10محرم الحرام26جون جمعہ کویوم عاشور منایا جا رہا ہے اس سلسلے میں اسلام آباد،چاروں صوبوں،آزاد کشمیر،گلگت بلتستان،جنوبی پنجاب،جہانیاں سمیت ملک بھر کے طول و عرض میں مجالس عزاء،علم وتعزیہ اورذوالجناح کے ہزاروں جلوس برآمد ہوئے۔جس میں لاکھوں عزادار شامل ہو کر ماتم داری اور نوحہ خوانی کرکے اپنا پرسہ پیش کیا ۔ملک بھر میں منعقدہ مجالس عزاء میں علمائے کرام اور ذاکرین فلسفہ شہادت بیان کرتے ہوئے حضرت امام حسین ؑ اور ان کے رفقاء کی دین اسلام کی سربلندی کیلئے کربلا کے تپتے ریگزار میں پیش کی گئی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیں ۔
