اسلام آباد( الفجرآن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ دریائے سندھ کا پانی پاکستان کی لائف لائن ہے اور ملک اپنے آبی حقوق کا ہر صورت دفاع کرے گا۔ اسلام آباد میں سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے منعقدہ ایک بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانی روکنے کی کوئی بھی کوشش پاکستان کے وجود پر حملے کے مترادف ہوگی، جسے محض ایک روایتی تنازع کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے خطے میں بھارتی آبی جارحیت اور سندھ طاس معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ 1960 کا آبی معاہدہ خطے میں امن اور استحکام کا ضامن ہے اور اس کے پیرامیٹرز کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنا پاکستان کو قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پانی کی بندش سے نہ صرف معیشت اور زراعت تباہ ہوگی بلکہ یہ ایک سنگین سیکیورٹی بحران کو بھی جنم دے سکتا ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس حساس معاملے کو ہر عالمی فورم پر اٹھائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی بقا کی جنگ قانونی، سیاسی اور سفارتی محاذوں پر پوری طاقت سے لڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری زراعت اور کروڑوں عوام کا روزگار اسی دریا سے وابستہ ہے، اس لیے سندھ کے پانی پر پاکستان کے جائز حصے کی پامالی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی
