مظفرآباد (ویب ڈیسک)پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر انتظامیہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کلیدی رہنما اور ترجمان شوکت نواز میر کو ان کے ایک رفیق سمیت حراست میں لے لیا ہے۔ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے یہ آپریشن مظفرآباد اور باغ کے سرحدی علاقے میں سرانجام دیں ۔
ڈپٹی کمشنر مظفرآباد منیر قریشی نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے تصدیق کی کہ مطلوبہ رہنما کو ھل سرنگ کے مقام پر ناکہ بندی کے دوران سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی تحویل میں لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے دونوں افراد کو قانونی کارروائی اور مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شوکت نواز میر متعدد مقدمات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے اور حکومت کی جانب سے ان کی گرفتاری پر بھاری انعامی رقم بھی مقرر کی گئی تھی۔ خطے میں حالیہ احتجاجی مظاہروں اور امن و امان کے مسائل کے بعد حکومت نے رواں ماہ کے آغاز میں اس تنظیم کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔
