راولپنڈی ( الفجرآن لائن) فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان طالبان حکومت کی جانب سے بلوچستان کی سرحد پر پاکستان کے خلاف سنگین اشتعال انگیزی سامنے آئی ہے۔ افغان طالبان رجیم نے اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی میں 4 ڈرونز پاکستانی حدود میں بھیجے، جنہیں پاک فوج کے مضبوط اور متحرک فضائی دفاعی نظام نے فوری طور پر نشانہ بنا کر کامیابی سے تباہ کر دیا۔ آئی ایس پی آر نے واضع کیا ہے کہ افغان حکومت کے یہ ہتھکنڈے افغان عوام کو گمراہ کرنے کے لیے ہیں اور انہیں دہشت گردوں کی پشت پناہی ترک کر کے پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔ پاک فوج نے افغان طالبان کو سخت خبردار کیا ہے کہ اگر اشتعال انگیزی کا یہ سلسلہ جاری رہا، تو پاکستان کی جانب سے ایسا مؤثر جواب دیا جائے گا جس کی افغان رجیم کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی
