اٹک سب سے زیادہ متاثر، مختلف اضلاع میں حادثات؛ زخمیوں کو اسپتال منتقل، شہری ایمرجنسی میں 1122 پر رابطہ کریں
لاہور (الفجرآن لائن) پنجاب کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز آندھی اور بارش کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق جبکہ نو افراد زخمی ہوگئے۔ دیواریں، چھتیں اور سائن بورڈ گرنے کے واقعات کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو طبی امداد فراہم کی۔ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد کے مطابق سب سے زیادہ جانی نقصان ضلع اٹک میں ہوا، جہاں نیا پمپ کے قریب تیز آندھی اور بارش کے باعث دیوار گرنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ اٹک کے علاقے پارا شاہین باغ میں ایک مکان کی چھت گرنے سے مزید تین افراد زخمی ہوئے، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ترجمان کے مطابق ضلع خوشاب کے علاقے قائد آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا، جبکہ سرگودھا میں تیز آندھی کے دوران سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔اسی طرح شیخوپورہ کے چک رسالہ روڈ پر لکڑی کی چھت گرنے سے بھی ایک شخص زخمی ہوا، جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا
