لاہور(الفجرآن لائن)پی آئی اے نے لاہور اور مانچسٹر کے مابین براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی لاہور سے مانچسٹر کی براہِ راست افتتاحی پرواز پی کے 709 روانہ ہو گئی۔ لاہور ایئرپورٹ پر ایک سادہ مگر پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔پرواز کی روانگی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔ مسافروں کو پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق نے الوداع کیا۔
اس موقع پر مسافروں نے مانچسٹر اور لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی کا خیرمقدم کیا اور اسے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔پی آئی اے کی براہِ راست پروازوں سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔افتتاحی پرواز سے 325 مسافر مانچسٹر کے لیے روانہ ہوئے۔اس سے قبل مانچسٹر سے لاہور کی پہلی پرواز گزشتہ رات روانہ ہوئی۔اس نئی پرواز کے آغاز کے بعد پاکستان اور مانچسٹر کے درمیان پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔ان میں سے چار ہفتہ وار پروازیں اسلام آباد سے جبکہ ایک ہفتہ وار پرواز لاہور سے آپریٹ کی جارہی ہیں۔ یہ توسیع برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے مزید سہولت کا باعث بنے گی
