اسلام آباد ( الفجرآن لائن) حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر عائد کلائمیٹ سپورٹ لیوی (CSL) کو 2.50 روپے سے بڑھا کر 5.00 روپے فی لیٹر کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، تاہم عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کے بجائے پیٹرولیم لیوی (PL) میں اتنی ہی کٹوتی کر دی گئی ہے۔ وزارتِ توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق، 2 جولائی 2026 سے لاگو ہونے والے اس فیصلے کے بعد اب پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 66.64 روپے سے کم ہو کر 64.14 روپے، جبکہ ڈیزل پر 79.54 روپے سے کم ہو کر 77.04 روپے فی لیٹر رہ گئی ہے، جس کی بدولت ملک بھر میں پیٹرول کی قیمت 299.50 روپے اور ڈیزل کی قیمت 311.47 روپے پر برقرار رہے گی۔ اس اسٹریٹجک ٹیکس ری سٹرکچرنگ کا بنیادی مقصد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) کے شرائط و ضوابط پر عملدرآمد کرنا ہے، تاکہ حکومت فنانس ایکٹ 2026 کے تحت ماحول دوست توانائی (گرین انرجی) کے منصوبوں کے لیے مالیاتی سال 27-2026 کے دوران تقریباً 50 ارب روپے کا مخصوص فنڈ اکٹھا کر سکے۔
