کوئٹہ ( الفجرآن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں مسافر بس کے المناک حادثے میں متعدد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ صدارتی ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق، صدر اور وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔
ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ ژوب شیرانی ہائی وے پر دانا سر کے پہاڑی علاقے میں پیش آیا، جہاں کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر بس گہری کھائی میں جا گری۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثہ بریک فیل ہونے اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 40 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے کیونکہ راستے میں ایک اور خراب بس کے مسافروں کو بھی اسی گاڑی میں منتقل کیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی اس ہولناک حادثے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ کو ریسکیو آپریشن تیز کرنے اور دور دراز پہاڑی علاقے سے زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کرنے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ سیکیورٹی اور ریسکیو ٹیموں نے مقامی لوگوں کی مدد سے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

