اسلام آباد( الفجرآن لائن) وزیرِ اعظم شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر ایران روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ وزیرِ اعظم کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے مابین گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کا عکاس ہے۔
اس اہم دورے پر وزیرِ اعظم کے ہمراہ پاکستان کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے۔ وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ شامل ہیں۔ سیاسی یکجہتی کے اظہار کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سیکرٹری جنرل نیر حسین بخاری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی وزیرِ اعظم کے ساتھ دورے پر روانہ ہوئے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف تہران میں منعقدہ سرکاری تعزیتی تقریب میں شرکت کے دوران ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے ملاقات کریں گے۔ وہ حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کریں گے اور اس مشکل گھڑی میں برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ پاکستان کی بھرپور یکجہتی کا اعادہ کریں گے۔ دورہ ایران مکمل کرنے کے بعد وزیرِ اعظم ترکیہ کے سرکاری دورے پر استنبول روانہ ہوں گے

