کراچی( الفجرآن لائن) مقامی اور بین الاقوامی صرافہ مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی انتہائی بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی قیمت میں 12,200 روپے کا یکمشت اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 4,40,936 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 10,459 روپے بڑھ کر 3,78,031 روپے ہو چکی ہے۔ دوسری جانب چاندی کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں جہاں فی تولہ چاندی 329 روپے مہنگی ہو کر 6,764 روپے کی ہو گئی ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 122 ڈالر کے بڑے اضافے کے ساتھ 4,185 امریکی ڈالر پر پہنچنے کی وجہ سے مقامی بازاروں میں یہ شدید تیزی دیکھی جا رہی ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ دو دنوں کے دوران پاکستان میں فی تولہ سونا مجموعی طور پر 21,300 روپے مہنگا ہو چکا ہے۔ اس اچانک اور بڑے اضافے کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر امریکی شرح سود میں متوقع کمی اور ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ ہے، جس کے باعث دنیا بھر کے سرمایہ کار دیگر اثاثوں کے بجائے سونے میں محفوظ سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں۔

