جہانیاں(ویب ڈیسک)معروف اور مقبول یوٹیوبر و مذہبی اسکالر علامہ ناصر مدنی کو تحصیل جہانیاں میں نمازِ جمعہ کے خطبے کے دوران دل کا شدید دورہ پڑ گیا جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں نشتر اسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔ وہ جہانیاں ناسکو کے سامنے واقع مسجد البشیر میں منبر پر خطبہِ جمعہ دے رہے تھے کہ اچانک یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
عینی شاہدین کے مطابق علامہ ناصر مدنی خطبے کے دوران بلند آواز میں کلمہ پڑھا رہے تھے کہ تیسری مرتبہ کلمہ پڑھتے ہی انہیں اچانک دل میں شدید تکلیف محسوس ہوئی اور وہ پیچھے کی طرف گر کر بے ہوش ہو گئے۔ مسجد میں موجود ڈی ایس پی جہانیاں ملک عبدالمجید اور انتظامیہ نے انہیں فوری طور پر سنبھالا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
طبی ماہرین کے مطابق علامہ ناصر مدنی کو پڑنے والا دل کا دورہ انتہائی شدید تھا، جس کے باعث ان کی حالت غیر ہوگئی۔ مقامی ڈاکٹروں نے ابتدائی معائنے کے بعد ان کی نازک حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں فوری طور پر نشتر اسپتال ملتان ریفر کر دیا جہاں انہیں کارڈیالوجی وارڈ کے آئی سی یو میں منتقل کر کے علاج کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

