گوادر ( الفجرآن لائن) تفصیلات کے مطابق ضلع گوادر کے ساحلی علاقے پانوان جیونی میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی پانوان چوکی کو خودکش گاڑی سے بم حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے کے نتیجے میں 3 کوسٹ گارڈز اہلکار اور 1 پاک فوج کی جوان کی شہادت کی اطلاعات ہیں، جبکہ 16 اہلکار زخمی ہیں، جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
یہ حملہ جمعہ کی شام تقریباً 7 بجے اس وقت کیا گیا جب دھماکا خیز مواد سے لدی ایک مال بردار ٹرک کو تیز رفتاری کے ساتھ چوکی کی عمارت سے ٹکرا دیا گیا۔ حملہ آور نے گاڑی کو مرکزی عمارت میں گھسا دیا جس کے نتیجے میں زبردست دھماکا ہوا اور چوکی کی عمارت کا بڑا حصہ ملبے کا ڈھیر بن گیا۔ دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی اور آسمان پر دھوئیں کے بادل نظر آئے۔
ذرائع کے مطابق اس چوکی پر پاکستان کوسٹ گارڈز کی تھرڈ بٹالین اور پنجاب رجمنٹ کی 32 یونٹ کے مجموعی طور پر 20 اہلکار تعینات تھے۔ یہ چوکی جیونی شہر سے تقریباً 10 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور ساحلی پٹی کی نگرانی کے لیے انتہائی اہم حیثیت رکھتی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس گوادر، فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ انہوں نے سب سے پہلے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لیا اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے جیونی اور گوادر کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ شدید زخمی اہلکار کو مزید علاج کے لیے گوادر منتقل کیا گیا

