اوڑمارہ میں پاک بحریہ اور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی 12 گھنٹے سے زائد کارروائی جاری ہے
اوڑمارہ (الفجر آن لائن)شارجہ سے کراچی آنے والے نجی کارگو طیارے کا ملبہ بلوچستان کے ساحلی علاقے اوڑمارہ کے قریب سمندر سے برآمد کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق طیارے کا ملبہ اوڑمارہ کے ساحل سے تقریبا 53 ناٹیکل میل جنوب میں ملا۔
اطلاعات کے مطابق پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) نے 12 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران لاپتا طیارے کا سراغ لگا کر اس کا ملبہ تلاش کر لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مزید شواہد اکٹھے کرنے اور طیارے کے عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے بحری جہازوں اور فضائی اثاثوں کو سرچ آپریشن میں مصروف رکھا گیا ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات اور دیگر حقائق جاننے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہیں۔
حکام نے بتایا کہ جیسے ہی مزید معلومات سامنے آئیں گی، عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

