اسلام آباد الفجر(آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کی ترسیلی کمپنیوں کی نجکاری کے عمل میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے مؤثر اور جامع حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی ترسیلی کمپنیوں کی نجکاری اور نجکاری کمیشن کی ادارہ جاتی اصلاحات و تنظیم نو پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ڈسکوز کی نجکاری کے پہلے مرحلے اور نجکاری کمیشن کی تنظیم نو میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کمیشن میں جاری ادارہ جاتی اصلاحات اور تنظیم نو کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت، طے شدہ قواعد اور بہترین حکمت عملی کے مطابق منافع بخش انداز میں مکمل کیے جائیں۔
وزیراعظم نے اندرون و بیرون ملک سرمایہ کاروں کی شمولیت کے لیے کامیاب روڈ شوز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نجکاری کے عمل میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔
انہوں نے خصوصی ہدایت کی کہ نجکاری کمیشن کی افرادی قوت میں عالمی معیار کے مالیاتی، قانونی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین کو شامل کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی معیار کی افرادی قوت اور ماہرین نجکاری کمیشن کی استعداد کار بڑھانے اور اداروں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں گے۔
وزیراعظم نے نجکاری کے مختلف مراحل میں بہترین پیشہ ورانہ استعداد رکھنے والے کنسلٹنٹس کی تجاویز کو مدنظر رکھنے اور نجکاری کے عمل میں درکار تمام قانونی انتظامات اور مالیاتی ریگولیشن فریم ورک کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی

